فلسطین کے مقبوضہ علاقوں غرب اردن اور القدس میں قابض فوج نے کل جمعرات کےروز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوج نے تلاشی مہم کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار بھی اور توڑپھوڑ بھی کی۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران قابض فوج نے نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
رام اللہ شہر میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان ھادی غوانمہ کو حراست میں لیا۔
جنین میں تلاشی کی مہم کے دوران یعبد کے مقام سے ثابت ولید عطاطر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور اس کے گھر میں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کی گئی۔
غرب اردن کے شمالی شہر قلیقلیہ میں تلاشی کے دوران گذشتہ شب اسرائیلی فوج نے خضوری یونیورسٹی کے طالب علم 20 سالہ نور صادق ابراہیم شواھنہ کو حراست میں لے لیا۔
ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے غسان الشوامرہ اور ولید الخطیب کو گرفتار کیا۔
قابض فوج نے الخلیل میں تین فلسطینیوں پر تشدد کیا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ صحافی محمد عوض کے مطابق صہیونی فوج نے بیت امر کے مقام پر تلاشی کے دوران ابراہیم عبدالحمیدابو ماریہ، اس کی اہلیہ اور دو جوان بیٹیوں براہ اور آلا کو تشدد کا نشانہ بنایا۔