فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مسافر یطا کے مقام پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کی آمد کے خلاف نکالی گئی ایک فلسطینی ریلی پر قابض فوج نےطاقت کو وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم نے تاریخی علاقے سوسیا کا دورہ کیا جس کے خلاف فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق مسافر یطا کے مقام پر فلسطینیوں کی پرامن احتجاجی ریلی پر قابض فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ، صوتی بموں اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ ریلی میں غیرملکی مندوبین، سماجی کارکن، قومی اور سیاسی جماعتوں کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی سوسیا کے مقام سے شروع ہوئی جس کے بعد اس میں کئی دوسرے مقامات سے بھی ریلیاں شامل ہوتی گئیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسی، فلسطینیوں کی اراضی غصب کرنے،مکانات مسماری اور قابض فوج کے ظلم وتشدد کے خلاف نعرے لگائے۔