فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے سوموار کے روز تلاشی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا۔ اس کی شناخت احمد ابو ناصر کے نام سے کی گئی ہے۔
رام اللہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران تیسیر حسن ابو شربک، سعید عباس، سنار احمد اور شمالی بیرزیت سے محمد وشحہ اور خالد حبش کو گرفتار کیا گیا۔
ادھر بیرزیت میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے شہید فلسطینی معتز وشحہ کے بھائیوں کو انٹیلی جنس مرکز میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا۔
قابض فوج نے البیرہ میں صحت کے لیے کام کرنے والے ایک مرکز پر چھاپہ مارا اور وہاں پر موجود تنظیم کا عہدیدار تیسیر شلبک گرفتار کرلیا اور اس کا لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
رام اللہ کے مغرب میں دیر نظام کے مقام پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں کو فوجی چھائونیوں میں تبدیل کردیا اور ان کے گھروں پر زبردستی اسرائیلی پرچم لہرا دیے۔
اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر سے باسل ھیثم البدوی اور العروب کیمپ سے محمد یوسف المزین کو حراست میں لیا۔
ادھر بیت لحم میں تلاشی کے دوران 17 سالہ عبیدہ عطا اللہ العمور اور 22 سالہ محمد محمود الخطیب کو گرفتار کیا۔