اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی فلسطین میں شفا عمرو کے مقام پر تلاشی کی کارروائی میں مصروف ایک اسرائیلی فوجی پر دو نامعلوم افراد نے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا اور اس کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔ زخمی ہونے والا اسرائیلی فوجی ایلیٹ فورس سے تعلق رکھتا ہے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے’کے اے این’ ٹی وی چینل کے مطابق دو نامعلوم افراد اور فوجی اہلکار کے درمیان کئی منٹ تک ہاتھا پائی جاری رہی۔ حملہ آوروں نے فوجی کو زمین پر پٹخ دیا اور اس کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوجی نے مدد کے لیے دوسرے فوجیوں کو طلب کیا۔ زخمی فوجی اہلکار کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی جان خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ ملٹری پولیس نے واقعے کی انکوائری شروع کردی ہے۔