یہودی آباد کاروں کی جانب سے پولیس اور فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اول پر دھاووں کا سسلہ جاری ہے۔ کل سوموار کو کئی یہود آباد کارتلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے بتایا کہ سوموار کو89 یہودی آباد کارپولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اول میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق مسجد اقصیٰ کے پہرے داروں نے یہودیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو صہیونی فوج اور پولیس اہلکاروں نے ان پر تشدد کیا اور یہودی آبادکاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی۔اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور یہودی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی۔
نامہ نگارکے مطابق یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول پر یلغارکے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں جمع ہوگئی۔فلسطینیوں نے یہودیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش کی مگر قابض فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز یلغارکے باعث مسجد اقصیٰ میں کشیدگی پائی جار ہی ہے۔ مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر صہیونی فوج اورپولیس کی بھاری نفرتی تعینات ہے۔