یہودی آباد کاروں کے ایک مسلح گروپ نے ہفتے کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے نواحی علاقے وادی اردن میں مکحول کے مقام پر بکریاں چرانے والے فلسطینی گلہ بانوں پر قاتلانہ حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعلق فلسطینی زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مسلح یہودی شرپسندوں نے مشرقی خربہ مکحول میں فلسطینی چرواہوں پرحملہ کیا اور انہیں بندوق کے زور پر اپنے مویشیوں کی طرف جانے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ مکحول گائوں وادی المالح کے سات دوسرے قصبوں میں سے ایک ہے۔ وادی المالح کے دوسرے قصبوں میں الحدیدیہ، سمرا، الحلوہ، وادی المالح، الفارسیہ اور الحمہ شامل ہیں۔
فلسطین کا وادی اردن کا علاقہ غرب اردن کے 25 فی صد رقبے پر مشتمل ہے۔ دوسرے علاقوں کی طرح یہ علاقہ بھی اسرائیل کی توسیع پسندی اور یہودی غنڈہ گردی کا سامنا کررہا ہے اور آئے روز فلسطینی کاشت کاروں اور گلہ بانوں کی جان ومال پر حملے کیے جاتے ہیں۔