گذشتہ روز اردنی وزیراعظم بشر الخصاونہ نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ انہوں نے مصری صدر تک اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کا ایک زبانی پیغام بھی پہنچایا۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام رضی نے بتایا کہ الحصاونہ اور صدر السیسی کے درمیان ملاقات قاہرہ میں صدارتی محل میں ہوئی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے ہونے والی کوششوں اور پیش رفت، اس حوالے سے اردن اور مصر کے کردار اور 8 فروری کو عرب لیگ کے وزارت خارجہ کے اجلاس میں دونوں ممالک کے متفقہ موقف پر بات چیت کی گئی۔
اس کے علاوہ دونوں رہ نمائوں نے علاقائی صورت حال اور خطے میں جاری تنازعات کے بات چیت کے ذریعے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ مصری صدر السیسی اور وزیراعظم الحصاونہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مل کر کوششیں جاری رکھنے، انتہا پسندی کی روک تھام، دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور مصر، اردن اور عراق پر مشتمل سہ فریقی تعاون فرویم ورک کو موثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اردنی وزیر اعظم بشر الحصاونہ نے شاہ عبداللہ دوم کی طرف سے مصری صدر کے نام بھیجا ایک زبانی پیغام بھی ان تک پہنچایا۔