فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور غزہ میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی شہریوں کی طرف سے کی گئی جوابی کارروائیوں میں چار صہیونی زخمی ہوئے جب کہ گذشتہ ہفتے 70 مقامات پر فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان تصادم ہوا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران فلسطینی شہریوں نے قابض یہودی آباد کاروں اور قابضفوج پر سنگ باری کی، اسرائیلی پولیس اور فوج کی پٹرولنگ پارٹیوں پر پٹرول بم پھینکے اور آتشیں اسلحے سے براہ راست فائرنگ کی۔
گذشتہ جمعہ کو غرب اردن میں 17 مقامات پر قابضفوج اور فلسطینیوں میں مزاحمتی کارووائیاں ہوئیں۔ جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے 34 سالہ فلسطینی خالد ماہر نوفل کو مغربی رام اللہ میں راس کرکر کے مقام پر گولیاں مار کر شہید کردیا۔
جمعہ کے روز سلواد، رام اللہ، کفر مالک، دیر جریر، مشرقی اللبن، بیت دجن اور قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقامات پر فلسطینیوں اور صہیونی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔
جمعرات کو سنہ 1948ء کےمقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی پولیس اور عرب شہریوں کے درمیان تصادم ہوا۔ بدھ کے روز فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں 12 مقامات پر تصادم ہوا۔ منگل کو غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ سوموار کے روعز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 22 سالہ فلسطینی احمد حجازی شہید ہوگیا جب کہ اس روز 14 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ سوموار کو بیت المقدس میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔