فلسطین میں مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے اور یہودی آبادکاری کے خلاف فلسطینیوں نے سلوان کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں سیکڑوں مقامی شہریوں کے علاوہ غیر ملکی کارکن بھی شریک تھے۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی املاک کی مسماری، گھروں کو منہدم کرنے، ان کی املاک پر غاصبانہ قبضے اور اراضی غصب کرنے کا سلسلہ روکنے کے مطالبات درج تھے۔
سلوان میں بطن الھویٰ کالونی میں ہونے والے مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے سلوان ، بطن الھویٰ اور القدس کےدوسرے علاقوں میں فلسطینیوں کی املاک کی مسماری کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ صہیونی ریاست بیت المقدس کی تاریخ کو مسخ کرنے کی منظم مہم چلا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ القدس میں مکانات کی مسماری صرف سلوان تک محدود نہیں بلکہ پورے بیت المقدس میں آبادی کا توازن تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی جاری ہے۔