فلسطین کے علاقے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں تاریخی قصبے سبسطیہ کے مقام پر قابض صہیونی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نی سبسطیہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران دھاووں کے خلاف فلسطینیوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور انہوںنے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ اس موقعے پر صہیونی فوج نے نہتے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر دھاتی گولیوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
سبسطیہ بلدیہ کے چیئرمین محمد عازم نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج کی بھاری نفری نے شہریوں کے گھروں پر اندھا ھند آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ تشدد اور آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی افراد دم گھٹنے سے بے ہوش ہوئے۔
قابض فوج نے بدھ کے روز تاریخی مقام سبسطیہ میں دھاوا بولا۔ اس موقعے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ قابض فوج نے فلسطینیوں سے ان کی زرعی زمینوں کے گرد لگائی گئی باڑ بھی ہٹانے کا حکم دیا ہے۔