اسرائیلی فوج نے محاصرہ زدہ غزہ کے شہریوں پر غاصبانہ پالیسیوں کے تسلسل میں فلسطینی مچھیروں اور کسانوں پر حملے کئے ہیں۔ ان حملوں کے علاوہ ایک فلسطینی شہری کو غزہ کی حدود سے اغوا کر لیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوب میں خان یونس کے زرعی علاقے پر گولیوں اور دھواں چھوڑنے والے گولوں کی بارش کر دی جس کے نتیجے میں مقامی کسانوں کو اپنی فصلیں چھوڑ کر علاقے سے فرار اختیار کرنا پڑی۔
علاوہ ازیں غزہ کے شمال مغربی علاقے سوڈانیہ کے ساحل پر فلسطینی مچھیروں اور ان کی کشتیوں پر اسرائیلی بحریہ نے فائرنگ کھول دی۔
اس حملے کے بعد فلسطینی مچھیرے سمندر سے واپس آنے پرمجبور ہوگئے۔خوش قسمتی سے ان حملوں میں کسی فلسطینی کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ ایک علاحدہ واقعہ میں اسرائیلی فوج نے خان یونس میں اسرائیل کی سرحدی باڑ کے قریب جانے والے ایک فلسطینی شہری کو اغوا کر لیا۔ اس فلسطینی شہری کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔