پنج شنبه 01/می/2025

اسلامی جہاد کے وفد کا دورہ ماسکو، نائب روسی وزیر خارجہ سے ملاقات

بدھ 3-فروری-2021

اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے روس کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں‌ نے روسی نائب وزیر خارجہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے ماسکو کے مندوب میخائل بوگدانوف سے ملاقات کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل اور روسی نائب وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورت حال، فلسطین میں ہونے والے انتخابات اور اسرائیلی ریاست کے مظالم پر بات چیت کی گئی۔

اسلامی جہاد کے وفد نے تفصیل کے ساتھ روسی نائب وزیر خارجہ کو فلسطین کی اندرونی صورت حال اور قابض صہیونی دشمن کے مظالم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جہاد فلسطینی دھڑون میں مصالحت کی خواہاں ہے۔ انہوں نے فلسطینی قوم کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے عالمی اور علاقائی قوتوں کی حمایت پر زور دیا۔

اسلامی جہاد کے رہ نمائوں نے روسی قیادت سے ملاقات میں کہا کہ خطے کا اصل مسئلہ اسرائیلی ریاست کا وجود ہے۔ خطے میں پاییدار امن کے قیام کے لیے قابض صہیونی ریاست کے ہاتھوں غصب کیے گئے حقوق فلسطینی قوم کو دلانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جہاد فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحتی مذاکرات کے حوالے سے کھلے پن کا مظاہرہ کرے گی اور فلسطینی قوم کو قابض دشمن کے خلاف ایک فورم پر لانے کے ویژن پر عمل جاری رکھے گی۔

اس موقعے پر روسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے فلسطینی قوتوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں‌نے کہا کہ روس فلسطینی قوتوں کو متحد کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مختصر لنک:

کاپی