چهارشنبه 30/آوریل/2025

بھارت میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکے بعد سکیورٹی سخت

ہفتہ 30-جنوری-2021

انڈیا نے جمعہ کے روز دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دھماکے کے بعد سرکاری عمارتوں اور ہوائی اڈوں کی سکیورٹی سخت کر دی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی سفارت خانے سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر ہونے والے اس دھماکے سے کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔

 اس علاقے میں سکیورٹی پہلے سے ہی سخت تھی کیونکہ اسی روز انڈیا اور اسرائیل اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 29 ویں سالگرہ منا رہے تھے۔

جب یہ دھماکہ ہوا اس وقت انڈین صدر رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی ایک کلومیٹر دور ایک فوجی تقریب میں شریک تھے۔

بھارت میں سیکیورٹی کی ذمہ دار سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے کہا ہے کہ ’دھماکے کے بعد حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔‘ سی آئی ایس ایف نے ایک بیان میں کہا کہ ’تمام ہوائی اڈوں، اہم تنصیبات اور سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔‘

نئی دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ’دھماکے سے قریب ہی کھڑی تین گاڑیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا۔‘ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ سنسنی پھیلانے کی ایک شرارت تھی۔‘

مختصر لنک:

کاپی