اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے فلسطینیوں کو کرونا ویکیسن سے محروم رکھنے پر اسرائیلی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروں کو کرونا ویکسین فراہم کرنا اور فلسطینیوں کو اس سے محروم رکھنا اسرائیل کے فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی برتائو کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کو فعال طریقے سے اور منصفانہ بنیاد پر کرونا ویکسین فراہم کرے۔
شاہ عبداللہ نے ‘ڈاووس’ فورم کے ورچوئل اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی کرونا ویکسین حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے مگر اسرائیل نے فلسطینیوں کو ویکسین سے محروم رکھ کر امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو کرونا ویکسین سے محروم رکھ کر اسرائیل خود اس وبا سے نہیں بچ سکتا۔ انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کو کرونا ویکسین دلوانے کے لیے اسرائیلی پر دبائو ڈالے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کئی ہفتوں سے یہودی آباد کاروں میں کرونا ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے مگر فلسطینیوں کو اس ویکسین سے محروم رکھا گیا ہے۔