چهارشنبه 30/آوریل/2025

محمود عباس کی انتخابات سے متعلق مصر اور اردنی حکام کو بریفنگ

پیر 18-جنوری-2021

فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے  کل  اتوار کے روز غربِ اردن کے شہر رام اللہ میں مصر اور اردن کے انٹیلی جنس سربراہوں نے ملاقات کی ہے۔ صدر عباس نے دونوں عرب ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کو فلسطینی علاقوں میں 14 سال کے بعد انتخابات منعقد کرانے کے منصوبے سے آگاہ کیا ہے۔

فلسطینی صدر نے جمعہ کو ایک فرمان جاری کیا تھا۔ اس کے تحت فلسطینی علاقوں میں مئی میں پارلیمانی اور جولائی میں صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کی حریف جماعت اورغزہ کی پٹی کی حکمراں حماس نے انتخابات کے لیے ان کے فرمان کا خیر مقدم کیا ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئے انتخابات کے انعقاد سے حماس اور فلسطینی صدر کی جماعت فتح کے درمیان مصالحت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔فتح کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی کا غربِ اردن میں کنٹرول ہے۔ فلسطینی صدر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصری اور اردنی وفود کو فلسطینی ایشو سے متعلق ہونے والی تازہ پیش رفت بالخصوص مصالحتی امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے اور دونوں پڑوسی ملکوں کا اس ضمن میں مصالحانہ کردار پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اردن کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے کا علاقہ واقع ہےجبکہ مصر غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع ہے۔

دونوں متحارب فلسطینی جماعتوں کے لیڈروں کے درمیان آیندہ ہفتے مصر میں ملاقات ہوگی۔توقع ہے کہ دونوں جماعتیں انتخابات کے لیے مہم کے آغاز سے قبل اپنے اختلافات کے خاتمے کی کوشش کریں گی۔

مختصر لنک:

کاپی