غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر استعمال تنصیبات پر اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کی۔ سوموار کے روز کی جانے والی بمباری اسرائیل پر غزہ کی پٹی سے داغے جانے والے راکٹ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے قریب واقع اسرائیلی شہر اشدود پر دو راکٹ داغے گئے تھے۔
بیان کے مطابق "ان راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حماس کے زیر استعمال مختلف تنصیبات اور سرنگوں کو بمباری کا نشانہ بنایا۔”
ادھر اسرائیلی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی راکٹ حملوں سےکسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جبکہ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے علاقے میں فلسطینی کھیتوں پر بمباری کی جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
غزہ سے کئے جانے والے راکٹ حملوں کی ذمہ داری تا حال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔