چهارشنبه 30/آوریل/2025

قطر کی غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے امدادی پیکج کی ایک سال کے لیے توسیع

بدھ 13-جنوری-2021

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ قطر نے غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے ماہانہ بنیادوں پر امدادی پیکج میں مزید ایک سال کی توسیع کی ہے۔ قطر کے فلسطین میں سفیر اور غزہ کی  تعمیر نو کمیٹی کے سربراہ محمد العمادی رواں ماہ کے آخر میں غزہ کا دورہ کریں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے ایک مقامی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ابو مرزوق نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے قطر کے امدادی پیکج کی تاریخ کا فی الحال تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم اس حوالے سے کسی بھی وقت اعلان کیا جاسکتا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے ‘صفا’ کے مطابق قطر کی طرف سے غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے امدادی پیکج میں توسیع سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم قطری حکام نے باور کرایا ہے کہ دوحا کی غزہ کے عوام کے لیے ڈونیشن کا میکا نزم حسب سابق رہے گا جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ادھر غزہ کی پٹی میں وزارت برائے سماجی بہبود کی ترجمان عزیزہ الکحلوت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی کے لیے قطر کے امدادی پیکج میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ سال 2020ء کے دوران قطر نے غزہ کی پٹی کے ایک لاکھ گھرانوں میں ہر ماہ فی کنبہ 100 ڈالر کی رقم تقسیم کی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی