اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 20 نے انکشاف کیا ہے کہ نئے امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں میں انتخابات کرائے اور کرپشن کے خاتمے کےلیے موثر اقدامات کرے۔
عبرانی ٹی وی چینل کی رپورٹ نے فلسطینی تنظیم تحریک فتح کے ایک ذمہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ نو منتخب امریکی انتظامیہ جوبائیڈن کی انتظامیہ نے فلسطینی اتھارٹی کو پیغام پہنچایا ہے کہ نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ فلسطینی علاقوں میں کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق امریکا کی خواہش ہے کہ صدر عباس کا فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اور سول انتظامیہ پر اختیار کم ہو۔
فلسطینی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی ادروں میں نئے لوگ بھرتی کرنے کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ ساتھ کرپشن میں ملوث عہدیداروں کو برطرف کرنے پر زور دیا ہے۔
نئی امریکی انتظامیہ نے یہ پیغام امریکا میں موجود ایک فلسطینی کاروباری شخصیت کے ذریعے فلسطینی اتھارٹی تک پہنچایا ہے۔ فلسطینی شخصیت امریکی انتظامیہ اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں۔
تحریک فتح کے رہنما کا کہنا ہے کہ امریکیوں کا خیال ہے کہ فلسطین میںآزادانہ انتخابات اور کرپشن کے خاتمے سے فریقین کے درمیان تعاون کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔