سماجی رابطوں کی ویب سائٹ’ فیس بک’ کی جانب سے فلسطینی سماجی کارکنوں کے صفحات کو بلاک کیے جانے کے تواتر کے ساتھ سامنے آنے والے واقعات کے بعد فلسطینیوں نے’فیس بک’ کے بائیکاٹ کی مہم شروع کی ہے۔ سماجی کارکنوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور فیس بک کی انتظامیہ کو اس کی انتقامی کارروائیوں پر سخت پیغام دیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’اشاعت روکو’ کے عنوان سے جاری مہم کے دوران شہریوں اور تمام فلسطینی طبقات سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فیس بک کے بائیکاٹ کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ان کا ساتھ دیں۔
سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ فیس بک فلسطینیوں کے معاملے میں امتیازی پالیسی پرچل رہی ہے۔ فلسطینی مواد اور فلسطینی قوم کے تشخص کے لیے مواد نشر کرنے والے اکائونٹس کو بند کرکے صہیونی ریاست کوخوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے فلسطینی اور فلسطینی کاز کی حمایت کرنے والے عالمی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ فیس بک پر کسی قسم کا مواد شائع کرنےکا بائیکاٹ کریں۔