اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے خلیجی ممالک میں مصالحت پر امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کو مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ روز قطرکے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلفیون پر بات چیت کی۔ اس موقعہ پر انہوں نے امیر قطر کو خلیجی ممالک میں اتحاد اور سعودی عرب کے شہر العلا میں خلیج تعاون کونسل کے کامیاب انعقاد اور اس میں ہونے والے فیصلوں پر مبارک باد پیش کی۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے ‘جی سی سی’ سربراہ اجلاس میں خلیجی قیادت اور مصری رہ نمائوں کی شرکت عرب اور اسلامی برادری میں اتحاد کی طرف اہم پیش رفت ہے۔ اس سے مسلم امہ اور عرب اقوام کے دیرینہ تنازعات بالخصوص مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور مشترکہ دفاع کے میدان میں اہم پیش رفت ہوگی۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ خلیجی ممالک کے درمیان صلح بھلائی کے ارادے کی فتح، خلیجی اور عرب ممالک میں اتحاد، یکجہتی، اختلافات کے خاتمے کے بعد نئے دور کا آغاز ہوگا جس کے مسئلہ فلسطین پربھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ عرب ممالک میں مصالحت سے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کے حصول اور قابض دشمن سے نجات اور بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
حماس نے خلیجی ممالک میں مصالحت کرانے پر کویت اور دوسرے عرب ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا۔