شنبه 10/می/2025

اسرائیل فلسطینیوں‌کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کا پابند ہے: ایمنسٹی

جمعرات 7-جنوری-2021

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم’ایمنسٹی انٹرنیشنل’ نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کی ذمہ داری قبول کرے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ ایک قابض ریاست کی حیثیت سے فلسطین کے علاقوں غزہ کی پٹی، غرب اردن اور دوسرے علاقوں میں فلسطینیوں کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے۔ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کے تحت یہ پابندی قبول کرنا ہوگی۔
ایمنسٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسرائیل سے کرونا ویکسین فراہم کرنے کی درخواست نہیں کی گئی ہے مگر عالمی قانون کے تحت اسرائیل فلسطینیوں کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے۔
عالمی ادارے نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک قابض ریاست کی حیثیت سے فلسطینیوں کی طبی ضروریات پوری کرنے کی ذمہ داری پوری کرے اور اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں ‘کویڈ 19’ کی ویکسین اور دیگر طبی ضروریات کی فراہمی اسرائیل کی ذمہ داری ہے۔
خیال رہے فلسطینی اتھارٹی نے توقع ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ کے پروگرام’ کوفیکس’ کے توسط سے آئندہ ماہ فلسطینیوں کو کرونا ویکسین کی فراہمی کا آغاز ہوجائےگا۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں شہریوں کو فراہم کی جائے گی۔

مختصر لنک:

کاپی