قابض صہیونی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں بے دردی کے ساتھ گولیاں مار کر شہید کردیا۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان نے فوجیوں کی فائرنگ سے قبل ایک یہودی آباد کار پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غرب اردن میں بیت لحم کے مقام پر عاھد عبدالرحمان اخلیل کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ اخلیل کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم سے ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے شہید فلسطینی عاھد اخلیل کے اہل خانہ کو عتصیون حراستی مرکز میں تفتیش کے لیے طلب کیا ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی نوجوان کو یہودی آباد کاروں اور فوجیوں پرچاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کے بعد گولیاں مار گئیں۔ تاہم صہیونی فوج حسب معمول فلسطینی نوجوان پر چاقو سے حملے کا الزام ثابت نہیں کرسکی ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہری کو یہودی آباد کاروں پر حملے ناکام کوشش کے دوران گولیاں مار گئیں۔