یورپی یونین کے رکن ممالک کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مالی بحران کے حل میں مدد فراہم کرنے کے لیے 46 لاکھ یورو کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی کرنسی میں یہ رقم ’56 لاکھ ڈالر کے برابر ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ذمہ دار ادارے ‘اونروا’کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے ایجنسی کو چھپن لاکھ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ایجنسی کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے ملنے والی اضافی مالی امداد سال 2020ء اور آئندہ سال فلسطینی پناہ گزینوں کے بچوں کی تعلیم پرصرف کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رقم کا کچھ حصہ ‘کوویڈ 19’ سے متاثرہ پناہ گزینوں اور طبی ضروریات پر صرف کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ رواں سال یورپی یونین کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوںکی ریلیف ایجنسی ‘اونروا’ کو 82 ملین یورو جو امریکی کرنسی میں 10 کروڑ ڈالر کے برابر ہے فراہم کی تھی۔
اونروا کے کمشنر جنرل نے یورپی یونین کی طرف سے اضافی مالی امداد کی فراہمی پر یونین کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔