اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں ایک یہودی کالونی کے قریب ایک یہودی آباد کار خاتون کو پراسرار طریقے سے قتل کر دیا گیا ہے۔ یہودی خاتون کی لاش جھاڑیوں سے ملی ہے۔
عبرانی اخبار ‘یدیعوت احرونوت’ کی ویب سائٹ کے مطابق فوج کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر خاتون کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کا شبہ ظاہر ہوتا ہے تاہم فوج اور خفیہ ادارہ شاباک اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔
ادھر شمالی غرب اردن میںیہودی کالونیوں کے ایک عہدیدار یوسی ڈاگان نے کہا ہے کہ یہودی آباد کار کا قتل فلسطینیوں کی فدائی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خاتون کے سرمیں ایک بڑا پتھر مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں فلسطینیوں کی طرف سے مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ مئی میں اسی علاقے میں یعبد کے مقام پر ایک اسرائیلی فوجی کو سر میں پتھر مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
جنین شہر کے اطراف میں اس وقت نو یہودی کالونیاں قائم ہیں جنہیں جانیم، قدی، مایوڈوتان، گینٹ، شیکد، حنانیت، ریحان، تل منشہ اور حرمیش کالونی شامل ہیں۔