فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں قلندیا پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کےدرمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں چار فلسطینی اور چھ صہیونی فوجی زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان قلندیا پناہ گزین کیمپ میں شہید خالد حمد کے گھر پر تصادم ہوا۔ اسرائیلی فوجیوں نے شہید کے دو بیٹوں معاذ اور محمد کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر فلسطینیوں نے مزاحمت کی۔
قابض فوج نے فلسطینی شہریوں پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینیوں کی طرف سے سنگ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 6 صہیونی فوجی بھی زخمی ہوگئے۔
قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر براہ راست گولیاں چلائیں، صوتی بم اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق زخمی ہونے والےفلسطینیوںکو میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔