اردن کی حکومت نے یہودی انتہا پسندوں کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں الجثمانیہ چرچ کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیت المقدس میں مقدس مقامات کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے۔
اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفائز نے کہا ہے کہ اردن کی ہاشمی مملکت بیت المقدس میں موجود مذہبی مقامات کی متولی ہونے کے ناتے القدس کی اسلامی اور مسیحی مقدسات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہودی انتہا پسندوں کا چرچ میں گھس کرآگ لگانے کی کوشش کرنا مجرمانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ اسرائیل کو آئندہ کے لیے اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس میں مساجد اور دیگر مذاہب کے مذہبی مقامات پر یہودی آباد کاروں کے دھاوے اور فلسطینیوں کی املاک پر حملے ناقبل قبول اور القدس کے تاریخی اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو مشرقی بیت المقدس میں وادی قدرون کے مقام پر یہودی انتہا پسندوں نے ایک چرچ کو آگ لگا ی تھی تاہم مقامی شہریوںنے اپنی مدد آپ کے تحت چرچ کو نذرآتش ہونے سے بچا لیا تھا۔