ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے گذشتہ روز مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور فلسطین کی سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری کی امامت میں آیا صوفیا میں نماز جمعہ ادا کی۔ اسی مسجد میں ترکی کے وزیر برائے مذہبی امور اشلیک علی ارباش نے بھی نماز جمعہ ادا کی۔
نماز جمعہ کے اجتماع سے پہلے مسجد آیا صوفیا کےخطیب نے خطاب کیا، جس کے بعد الشیخ عکرمہ صبری نے بھی عربی میں خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسجد اقصیٰ، القدس اور فلسطین کی تمام مقدسات کے خلاف قابض اسرائیلی ریاست کی سازشوں پر روشنی ڈالی اور عالم اسلام کے درمیان پائے جانے والے اختلافات ختم کرنے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے مل جل کر کوششیں کرنے پر زور دیا۔
قبل ازیں منگل کو الشیخ عکرمہ صبری نے انقرہ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں انہوں نے القدس اور مسجد اقصیٰ کو یہودیانے کی صہیونی سازشوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک طے شدہ اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کر رہا ہے۔ عالم اسلام بالخصوص فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ممالک کواسرائیل کی ان سازشوں کو روکنا ہوگا۔