اسرائیل کی سپریم کورٹ نے زیر حراست فلسطینی صحافی اسامہ شاہین کی رہائی کے حوالے سے دی گئی درخواست مسترد کر دی ہے۔
خیال رہے کہ الخلیل کے جنوبی علاقے دورا سے تعلق رکھنے والے صحافی اسامہ حسین شاہین کو چار ماہ انتظامی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
فلسطینی اسیران میڈیا سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نے 38 سالہ صحافی شاہین کو 8 ستمبر کو حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں چار ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اسرائیل کی عوفر فوجی عدالت نے 10 روز تک قید میں رکھنے کے بعد صحافی شاہین کو 4 ماہ قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔
اسیر صحافی کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس کے موکل کی سزا ختم کرنے کے لیے اسرائیلی سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ صحافی اسامہ شاہین کی یہ پہلی گرفتاری یا سزا نہیں بلکہ وہ 9 سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔