جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ میں حماس کے قاید یحییٰ السنوار کرونا کا شکار

جمعرات 3-دسمبر-2020

غزہ کی پٹی میں فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک’ حماس’ کے قائد یحییٰ السنوار کووِڈ-19 کا شکار ہوگئے ہیں۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’58 سالہ سنوار کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد طبّی حکام کے مشورے پر عمل کررہے ہیں اور حفاظتی احتیاطی تدابیراختیار کررہے ہیں۔

ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ آیا حماس کے قائد قرنطین میں ہیں یا نہیں۔البتہ یہ کہا ہے کہ ان کی صحت اچھی ہے اور وہ معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یحییٰ السنوار ماضی میں حماس کی سکیورٹی سروسز کے سربراہ رہے تھے۔انھیں 2017ء میں غزہ میں جماعت کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔وہ اسرائیلی جیل میں 20 سال سے زیادہ عرصہ قید رہے تھے اور 2011ء میں اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے ایک سمجھوتے کے تحت ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔

واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں اب تک کرونا وائرس کے 21 ہزار کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔کووِڈ-19 کا شکار111 مریض وفات پا چکے ہیں۔ان میں سے زیادہ ترنے اگست کے بعدوفات پائی ہے۔

غزہ پٹی کا اسرائیل نے 2007ء سے برّی اور بحری محاصرہ کررکھا ہے اور یہ فلسطینی علاقہ باقی دنیا سے بالکل کٹا ہوا ہے۔اس کی آبادی 20 لاکھ نفوس کے لگ بھگ ہے۔اب ماہرین اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ دنیا کی اس سب سے بڑی کھلی جیل میں کرونا کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی