فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں قابض یہودی آباد نے بس سڑک کے کنارے بیٹھے فلسطینی محنت کشوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو مزدور شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
مقامی فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی آباد کار نے بیت لحم کے داخلی راستے پر موجود فلسطینی مزدوروں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں وہاں پرموجود دو مزدور شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیت لحم کی شمالی چوکی میں درجنوں فلسطینی جمع تھے جب ایک اسرائیلی بس ان پر چڑھ دوڑی۔
زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو القدس مین عین کارم اور شعاری تصیدق اسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں ان میں سے دو اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔
یہ واقعہ بیت لحم کے شمال میں اسرائیلی فوج کی چوکی نمبر300 پر پیش آیا۔
عبرانی اخبار کے مطابق فلسطینی مزدوروں کو کچلنے والی بس پر اسرائیلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔
اسرائیلی حکام کے اس حوالے سے کسی قسم کی وضاحت نہیں کی ہے۔