یکشنبه 04/می/2025

اسرائیل کا فلسطینی اتھارٹی کو واجب الادا رقم میں کٹوتی پر غور

پیر 30-نومبر-2020

اسرائیل کے ایک کثیر الاشاعت عبرانی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی حکومت نے فلسطینی اتھارٹی کو واجب الادا رقم میں سے 6 کروڑ شیکل کی رقم کی کٹوتی پر غور شروع کیا ہے۔

عبرانی اخبار ‘یسرائیل ھیوم’ کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے فلسطینی اتھارٹی کے روکے گئے پیسوں میں 6 کروڑ شیکل کی رقم کی کٹوتی پر غور شروع کیا ہے۔

عبرانی اخبار کے نامہ نگار ‘ارئیل کہانا کا کہنا ہے کہ کابینہ کی سیاسی اور سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے دوران فلسطینی اتھارٹی کو سنہ 2019ء کی واجب الادا رقوم میں سے چھ کروڑ شیکل کی رقم کی کٹوتی کی تجویز پیش کی۔

اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو دی جانے والی رقم یہ کہہ کر روک لی تھی کہ اس رقم کا بڑا حصہ ان فلسطینی خاندانوں کی کفالت پر صرف ہو رہا ہے جن کے بیٹے اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے شہید یا گرفتار ہونے کے بعد جیلوں میں قید ہیں۔

ادھر تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور وزیر برائے سماجی بہبود احمد مجدلانی نے اسرائیلی اخبار کی رپورٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے دی جانے والی تجویز قبل از وقت ہے اور اس پر کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ تاہم اگر ایسا ہوتا ہے تو معاملات ایک بار پھرصفر پر چلے جائیں گے۔

ادھر اسی سیاق میں عبرانی اخبار ‘ہارٹز’ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حال ہی میں فلسطینی سیکیورٹی فورسز اور اسرائیلی فوجی افسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

 چند روز قبل فلسطینی اتھارٹی نے ایک ڈرامائی فیصلہ کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور دیگر تمام شعبوں میں رابطے بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی