جمعه 15/نوامبر/2024

ایرانی سائنسدان فخری زادہ کا قتل جنگی جرم ہے: عوامی محاذ

پیر 30-نومبر-2020

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیر جوہری سائنسدان ڈاکٹر محسن فخری زادہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فخری زادہ کا قاتل ایک بین الاقوامی جنگی جرم ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ‌کہا گیا ہے کہ ایرانی سائنسدان کو حملے کا نشانہ بنا کر ایران کی سائنسی اور عسکری صلاحیت کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔ یہ امریکا اور اسرائیل کا ایک طے شدہ منصوبہ ہے جس کے تحت ایرانی سائنسدان کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کو اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ایران غاصب صہیونی ریاست کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکاری اور خطے میں امریکی بالادستی کے خلاف ہے۔

عوامی محاذ نے مزید کہا کہ ایرانی سائنسدان پرحملے میں اسرائیلی فنگر پرنٹس ثابت ہیں۔ یہ اسرائیل اور امریکا کے سوا اور کسی کی سازش نہیں ہوسکتی۔ اسرائیل نے ایرانی جوہری سائنسدان کو نشانہ بنا کر خطے میں ایرانی عسکری اور سائنسی صلاحیت کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل اسرائیل مصری اور عراقی سائنسدانوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ خطے کے دوسرے ممالک کی سائنسی ترقی کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی جوہری سائنسدان ڈاکٹر فخری زادہ کو جمعہ کے روز تہران میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ ایران نے اس حملے کی ذمہ داری اسرائیل پرعاید کرتے ہوئے صہیونی ریاست سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی