فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں کرونا کے مریضوں کے علاج اور آکسیجن کی کمی دور کرنے کےلیے قطر نے فوری امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں بحالی اور تعمیر نوکے لیے قطر کی قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ اور قطری سفیر محمد العمادی نے غزہ میں ایک پریس بیان میں کہا کہ دوحا کو غزہ کے محصور عوام بالخصوص کرونا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کا اندازہ ہے۔ اس حوالے سے قطری حکومت غزہ کے عوام کوآکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں غزہ کی پٹی میں موجود اسپتالوں بالخصوص کرونا مریضوں کے علاج کے لیے مختص یورپی اسپتال کو آکسیجن کی درکار مقدار فراہم کی جائے گی۔
العمادی کا کہنا تھا کہ یورپی اسپتال میں آکسیجن کا صرف دو ہفتے کا اسٹکا موجود ہے اور مزید 55 ہزار ڈالر کی مالیت سے آکسیجن کی اضافی مقدار فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے غزہ کی پٹی میں کرونا کی تیزی کے ساتھ پھیلتی وبا پرقابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جنگ زدہ اور محصور علاقے میں کرونا کی وبا کا پھیلنا خطرناک ہوسکتا ہے۔