فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی ریلیف ایجنسی ‘اونروا’ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ ریلیف ایجنسی کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور یہ ایجنسی کسی بھی وقت ختم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور امداد دینے والے ملکوں سے فوری مداخلت کرنے اور امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
غزہ کی پٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بجٹ خسارے اور عالمی برادری کی طرف سے امداد کی فراہمی میں کمی کے نتیجے میں اونروا تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔ اسے بچانے کے لیے عالمی برادری کو فوری امداد فراہم کرنا ہوگی۔
اونروا کے سربراہ فیلپ لازارینی نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوںکو ماضی کی نسبت زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد روکے جانے کے بعد ‘اونروا’ کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔
قبل ازیں انہوں نے ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ اونروا ایجنسی کے پاس اپنے 28 ہزار ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کے لیے رقم نہیں ہے۔ ان کے اس بیان پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔