سوڈان کے سابق وزیراعظم اور امہ پارٹی کے صدر صادق المہدی جمعرات کی رات متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں کرونا کے علاج کے دوران 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
الجزیرہ ٹی وی کے نامہ نگار کےمطابق صادق المہدی جماعت الانصار کے بھی سربراہ تھے۔ انہیں کئی عشرے پیشتر سوڈان کا وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا۔
المہدی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق المہدی کو چند ہفتے قبل کرونا کے علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔
انہیں ایک خصوصی طیارے پر امارات لایا گیا جہاں ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
صادق المہدی کا شمار سوڈان کی سب سے بڑی مذہبی جماعت الانصار کے سربراہان میں ہوتا تھا اور وہ ایک دانشور اور سیاسی مفکر تھے۔
المہدی سوڈان کے جمہوری وزیراعظم تھے۔ سنہ 1989ء کے فوجی انقلاب میں انہیں معزول کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد عمر البشیر نے اقتدار ہاتھ میں لے لیا تھا۔