اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو آئندہ ہفتے خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کا دورہ کریں گے۔
عبرانی اخبار ‘اسرائیل الیوم’ کے مطابق نیتن یاھو کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آئندہ ہفتے اپنے امارات کے اپنے پہلے اعلانیے دورے پر ابوظبی اور منامہ جائیں گے۔
عبرانی اخبار کے مطابق اپنے دورے کے دوران وہ اماراتی ولی عہد محمد بن زاید اور بحرینی بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کل منگل کو نیتن یاھو نے امارات اور بحرینی رہ نمائوں سے ٹیلیفون پر بھی بات چیت کی ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق نیتن یاھو کے دفتر نے وزیراعظم کے دورہ امارات اور بحرین کی تیاری شروع کر دی ہے۔
گذشتہ روز اسرائیلی کنیسٹ میں خارجہ و سیکیورٹی کمیٹی کے رکن زیوی ھاوزر اور اماراتی پارلیمنٹ کے رکن علی راشد النعیمی نے نیتن یاھو کے دورہ امارات پر بات چیت کی ہے۔
مسٹر ہاورز نے اماراتی ہم منصب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ‘تاریخ’ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ بھی ملاقات کریں گے۔