اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ رواں ہفتے خلیجی ریاست بحرین کے وفود القدس پہنچ رہے ہیں جہاں وہ امریکی اور اسرائیلی وفود کے ساتھ صہیونی ریاست اور بحرین کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ‘واللا’ کے مطابق امریکا، بحرین اور اسرائیل کے وفود کی ملاقات کل بدھ کو القدس میں ہوگی۔
توقع ہے کہ اس ملاقات میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، بحرینی وزیر خارجہ عبدالطیف بن راشد الزیانی، اسرائیلی وزیر خارجہ گیبی اشکنزئی، صہیونی وزیر صنعت وتجارت، بحرینی وزیر سیاحت زاید بن راشد الزیانی شرکت کریںگے۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ سات ممالک فرانس، ترکی، جارجیا، اسرائیل، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوچکے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ ایک ایسے وقت میں کثیر غیرملکی دورے پر روانہ ہوئے ہیں جب موجودہ امریکی صدر ٹرمپ صدارتی انتخابات میں بدترین شکست سے دوچار ہوچکے ہیں۔
امریکی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ وہ جاتے ہوئے اسرائیل کے دفاع اور اس کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرے۔