فلسطینی تنظیموں تحریک فتح اور اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کی قیادت مصالحتی بات چیت کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئی ہے۔ حماس کے وفد کی قیادت جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری اور تحریک فتح کے جماعت کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری جبریل الرجوب کررہے ہیں۔
دونوںجماعتوں کی قیادت کل اتوار کے روز قاہرہ پہنچی تھی جہاں انہوں نے مصری حکام کے ساتھ بات چیت کی ہے۔
ادھر غزہ کی پٹی میں حماس کا ایک وفد جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن خلیل الحیہ کی قیادت میں قاہرہ پہنچا ہے جبکہ فلسطین سے تحریک فتح کے لیڈر احمد حلس کی قیادت میں ایک وفد کل اتوار کے روز رفح گذرگاہ سے قاہرہ روانہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیل الحیہ اور حلس کی آمد کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے جبریل الرجوب اور صالح العاروری بھی قاہرہ پہنچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کی قیادت کی قاہرہ آمد کا مقصد فلسطینی دھڑوں کے درمیان قومی مصالحتی بات چیت کا عمل آگے بڑھانا ہے۔
خیال رہے کہ ستمبر میں حماس اور فتح کی قیادت نے ترکی کے دارالحکومت استنبول میں مصالحتی مذاکرات کیے تھے۔