اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتطونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے ‘اونروا’ کے کے لیے جلد از جلد رقوم کےحصول کی کوشش کررہے ہیں تاکہ پناہ گزین ایجنسی کو درپیش مالی بحران پر قابو پایا جا سکے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے کہا ہے کہ یو این سیکرٹری جنرل فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے فوری طور پر کم سے کم 70 ملین ڈالر کی رقم حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ‘اونروا’ کئی مالی بحرانوں سے گذر رہا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
مسٹر ڈوگریک کا مزید کہنا تھا کہ ہم جلد از جلد فلسطینی پناہ گزینوںکے ادارے کے لیے رقوم جمع کررہے ہیں۔
ڈوگریک نے کہا کہ ‘اونروا’ کو تعلیم ، صحت، سمی بہبود اور دیگر شعبوں میں فوری مالی امداد کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکا کی نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس نے کہا تھا کہ نئی امریکی حکومت فلسطینی پناہ گزینوں کی بند کی گئی امداد بحال کرے گی۔