لبنان اور اسرائیل کے درمیان سمندری حدود کے تعین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی زیرنگرانی مذاکرات کا دوسرا دور کل بدھ کو جنوبی لبنان کے علاقے الناقورہ میں اقوام متحدہ کے علاقائی دفتر میں ہوا۔ اس موقعے پر اسرائیل، لبنان اور اقوام متحدہ کی امن فوج ‘یونیفیل’ کے حکام موجود تھے۔
لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مذاکرات اگرچہ ایک مقام پرہوئے تاہم دونوں ملکوں کے وفود نے براہ راست بات چیت نہیں کی۔ مذاکرات کی سرپرستی اقوام متحدہ اور امریکا کررہے ہیں اور وہ فریقین کے درمیان سمندری حدود کے تعین کے لیے تجاویز ایک دوسرے تک پہنچا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی اور لبنانی وفود نے سمندری حدود کے حوالے سے اپنے اپنے مجوزہ نقشوں اور ان پر اعتراضات کا بھی تبادلہ کیا ہے۔
لبنانی وفد کی قیادت وائس چیف آف اسٹاف برائے آپریشنز بریگیڈیئر جنرل بسام یاسین نے کی۔ مذاکراتی وفد میں نیوی کے کرن ل مازن بصبوص اور ممالک کے درمیان سرحدی تنازعات کے امور کے ماہر نجیب مسیحی اور پٹرولیم سیکٹر کے ڈائریکٹر وسام شباط بھی موجود تھے۔
دوسری طرف اسرائیلی وفد وزارت پٹرولیم کے ڈائریکٹر جنرل اوڈی اڈیری، وزارت پٹرولیم کے سینیر عہدیدار مور حالوٹز اور پٹرولیم کے بین الاقوامی امور کے مشیر نے شرکت کی۔