جمعه 15/نوامبر/2024

خاکوں کی اشاعت، کویت اور اردن میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ

پیر 26-اکتوبر-2020

فرانس میں اظہار رائے کی آزادی کے نام پر پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی انتہائی توہین پر مبنی خاکوں کی ایک مرتبہ پھر تشہیر پر کویت میں سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ کویتی پرچون فروشوں نے فرانسیسی مصنوعات کا اجتماعی بائیکاٹ کر دیا ہے اور انھوں نے اپنی دکانوں اور سپر اسٹورز سے فرانسیسی اشیاء ہٹا دی ہیں۔ دوسری جانب اردن نے بھی فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت اور فرانسیسی حکومت کی طرف سے اس پر متنازع طرز عمل اختیار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اردن میں بھی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔

کویت کی غیر سرکاری صارفین کوآپریٹو سوسائٹیز کی یونین نے جمعہ کو فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کے لیے ایک باضابطہ سرکلر جاری کیا تھا۔اس یونین میں کویت کی 70 سے زیادہ تنظیمیں شامل ہیں۔

اس کی اپیل پر دکان داروں نے اپنی دکانوں اور سپراسٹورز سے فرانسیسی کمپنیوں کی ساختہ مصنوعات بالخصوص بالوں اور چہرے کے تحفظ اور خوب صورتی کے لیے اشیاء کو شیلفوں سے ہٹا دیا ہے۔

یونین کے سربراہ فہدالکشتی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ "تمام فرانسیسی مصنوعات کو تمام صارف کوآپریٹو سوسائٹیوں سے ہٹادیا گیا ہے۔ یہ آزادانہ فیصلہ فرانس میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی بار بار توہین کے ردعمل میں کیا گیا ہے اور اس کا کویتی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔”

ان کوآپریٹو سوسائٹیوں میں بعض کویت شہر کی بڑی مارکیٹوں کے برابر ہیں اور یہ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے زر تلافی پر کویتیوں کو ارزاں اشیاء فروخت کرتی ہیں۔ یہ بعض تعلیمی کورسز اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کرتی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی