جمعه 15/نوامبر/2024

تحریک فتح کی سوڈان کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شدید مذمت

اتوار 25-اکتوبر-2020

فلسطین تنظیم تحریک فتح نے اسرائیل کو تسلیم کرنے پر سوڈانی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک فتح کے ترجمان اسامہ القواسمی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرکے مظلوم فلسطینی قوم پر مظالم کا سلسلہ بڑھانے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔ اسرائیل سوڈان سے تعلقات استوار کرنے سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے القدس اور مسجد اقصیٰ پر اپنی اجارہ داری مزید مضبوط کرنے، فلسطینی علاقوں پر غیرقانونی تسلط کی توسیع اور فلسطینیوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بڑھا دے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق کے خلاف ہونے والی سازشوں کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ناکام بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن فلسطینی قوم سے شروع ہوتا اور فلسطینی قوم پر ختم ہوتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سوڈانی قوم خرطوم حکومت کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اقدام کے خلاف ہے۔ سوڈان کی محب وطن اور فلسطینی قوم کی حامی قوتیں خرطوم حکومت کے اس اقدام پر سخت ناراض ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کے روز سوڈان کی خود مختار کونسل نے صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی