جمعه 15/نوامبر/2024

لبنانی صدر کی سعد حریری کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت

ہفتہ 24-اکتوبر-2020

لبنان کے صدر میشیل عون نے سعد الحریری کو دوبارہ وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ سعد الحریری کو وزارتِ عظمیٰ کی نامزدگی کی پارلیمان سے منظوری کے وقت ماضی کے مقابلے میں کم ووٹ پڑے ہیں۔

لبنان کی دونوں بڑی مسیحی جماعتوں ،سمیر جعجع کے زیر قیادت لبنانی فورسز اور اس کی حریف صدر میشیل عون کی فری پیٹریاٹک موومنٹ (ایف پی ایم ) نے سعد الحریری کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی کی حمایت نہیں کی ہے۔

پارلیمان کے 64 ارکان نے ان کی نامزدگی کے حق میں ووٹ دیا ہے جبکہ صدارتی محل میں مشاورت کے وقت 55 ارکان نے کسی بھی سنی سیاست دان کو وزیراعظم نامزد نہیں کیا ہے۔سب سے پہلے سعد حریری کی اپنی جماعت مستقبل تحریک نے ان کا نام پیش کیا تھا اور اس کے بعد پارلیمان کے اسپیکر نبیہ بری اور سلیمان فرنجیح کے پارلیمانی بلاک نے ان کی حمایت کی ہے۔

لبنانی فورسز نے صدارتی محل میں نئے وزیراعظم کی نامزدگی کے لیے مشاورت کے بعد ایک مختصر بیان میں واضح کیا ہے کہ اس نے ستمبر 2019ء میں قومی مکالمے کے موقع پر مکمل طور پر آزاد حکومت کی تشکیل پر زوردیا تھا۔

اس نے اکتوبر 2019ء میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں اور اب فرانسیسی صدرعمانوایل ماکروں کی اس سال ستمبر میں لبنان میں آزاد ماہرین پر مشتمل نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مجوزہ سیاسی منصوبے سے قبل یہ تجویز پیش کی تھی۔

سابق وزیر خارجہ اور ایف پی ایم کے لیڈر جبران باسیل نے بھی کہا ہے کہ سعد الحریری نے جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے آزاد ماہرین پر مشتمل حکومت کی تشکیل کے لیے تجویز کو خود ہی مسترد کردیا ہے۔اسی لیے ان کی جماعت نے ان کی نامزدگی کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لبنان میں گذشتہ سال 17 اکتوبر سے ارباب اقتداروسیاست کی بدعنوانیوں ، پے در پے آنے والی حکومتوں کی نااہلی ،شہری خدمات کے پست معیار ،ڈوبتی قومی معیشت اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج مختلف دھڑوں نے سعدالحریری کی بہ طور وزیراعظم نامزدگی کو مسترد کردیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی