خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کا پہلا ہوائی جہاز اسرائیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے ‘بن گوریون’ پر اتر گیا۔ صہیونی ریاست میں آنے والی پہلی اماراتی پرواز ‘ اتحاد ایئر’ کی ہے۔ امارات سے اسرائیل کی یہ پہلی پرواز ہے۔
اماراتی پرواز کے بن گوریون ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے سے دو روز قبل دونوں ملکوں نے ہفتے میں براہ راست 28 کمرشل پروازیں چلانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس معاہدے پر آج اسرائیل میں دونوں ملکوں کے وفود دستخط کریں گے۔
اسرائیل پہنچنے والے طیارے پر متحدہ امارات اور اسرائیل کے پرچم لہرائے گئے ہیں۔
اخبار معاریو’ کی ویب سائٹ کے مطابق بن گوریون پہنچنے والے اماراتی ہوائی جہاز پر 58 مسافر سوار تھے جن میں اماراتی فضائی کمپنی کے عہدیدار، تاجر، صحافی اور عام شہری شامل تھے۔ ہوائی اڈے پر ان کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا جس میں اسرائیلی حکومتی عہدیدار موجود تھے۔