فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی ادارے نے گذشتہ روز رام اللہ میں ریڈ کراس کے مرکزکے سامنے بھوک ہڑتالی فلسطینی ماہر الاخرس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے لگائے گئے دھرنے کے شرکا پر حملہ کر کے دھرنے کے شرکا کو منتشر کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سابق اسیر بلال ذیاب نے بتایا کہ عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے ریڈ کراس کے دفتر کے باہر اسیر ماہر الاخرس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے لگائے گئے دھرنے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ عباس ملیشیا نے دھرنے کے مقام پر لگائی گئی بجلی کاٹ دی اور دھرنے کے شرکا کو زبردستی وہاں سے بے دخل کر دیا۔
ادھر ایک دوسرے سابق اسیر محمد علان نے بتایا کہ عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے دھرنے کے مقام میں داخل ہونے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیل میں مسلسل 80 دن سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی ماہر الاخرس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی کیمپ لگایا تھا۔ عباس ملیشیانے طاقت کے استعمال سے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔