اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سینیر رہ نما ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ روسی حکومت فلسطینی دھڑوں کے سیکرٹری جنرل کی سطح پرقومی سیاسی شراکت کی خاطر کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ‘ٹویٹر’ پرپوسٹ کردہ ایک بیان میںڈاکٹر مرزوق نے کہا کہ ماسکو کے دورے کے دوران ان کی روس کے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایچلی مسٹر میخائل بوگدانوف سے تفصیل کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ انہوں نے فلسطینی دھڑوں کے سیکرٹری جنرل کی سطح پر کانفرنس کی میزبانی کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ ماسکو فلسطینی دھڑوں کےدرمیان مصالحتی کوششوں میں مدد کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کی وحدت،سیاسی شراکت اور قضیہ فلسطین کو تباہ کرنے کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد ضروری ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ موسیٰ ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے روس کا دورہ کیا۔ اس دورے میں حسام بدران اور جماعت کےدیگر عہدیدار ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقعے پرانہوںنے روس کے نائب وزیرخارجہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے روسی ایلچی میخائل بوگدانوف، مشرق وسطیٰ کے گروپ چار میں روس کے مندوب ولادی میر سفریکوف، وزارت خارجہ میں مشرق وسطیٰ کے امور کےوائس چیئرمین الکسی سکوسیریف سے بھی ملاقات کی تھی۔