نائب امیر و ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان جناب عبد الغفارعزیز لاہور میں سرطان کے خلاف جنگ ہار کر ہم سب سے جدا ہوئے.
مرحوم عبد الغفار عزیز کی یاد میں دفتر تحریک حریت راولپنڈی میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا. کنوینر تحریک حریت غلام محمد صفی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین مسئلے کے مضبوط ترین وکیل عبد الغفار عزیز صاحب ایسے نازک وقت پر داغ مفارقت دے گئے جب ان کی موجودگی پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کرچکی تھی. وہ کشمیر اور فلسطین کے مضبوط ترین وکیل تھے.
غلام محمد صفی نے کہا جماعت اسلامی پاکستان جہاں ایک انتہائی قابل اسلامی سکالر سے محروم ہوئی وہیں کشمیری قوم بے لوث مخلص سفیر کھو چکی ہے. وہ دنیا کے اکثر اسلامی تحریکوں سے ہر وقت رابطے میں رہتے تھے. مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہر کی جدائی انتہائی تکلیف دہ ہے. مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مشرق وسطیٰ میں ان سے زیادہ فصیح و بلیغ اور بیباک ترجمانی شائد ہی کوئی کرسکتا ہے.ان کی جدائی ہم.سب کے لیے سوہان روح ہے. اللہ تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے.