افریقی مُسلمان ملک تونس میں فلسطین کے نقشے کی یادگار نصب کی گئی ہے۔ تونس میں فلسطینی نقشے کی یادگارکی تنصیب فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کا پیغام ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تویسن کے مدنین شہر کے میئر المنصف بن یامنہ نے ایک بیان میں بتایا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ شہر میں فلسطینی نقشے کی تنصیب کا اعزاز حاصل کرنےوالوں میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی نقشے کی تنصیب مدنین ریاست کے گورنر کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔
فلسطین کے یادگاری نقشے کی تنصیب کی تقریب میں تونس جنرل فیڈریشن برائے محنت، فلسطینی سفارت خانے کے عہدیداروں، مرکز مسارات فلسطین کے مندوبین اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہر کے درمیانے چوک میں نصب کی گئی یادگار کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شہری دلچسپی لے رہے ہیں۔