اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین نے کہا ہے کہ فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کا فیصلہ منسوخ نہیں کیا گیا بلکہ اسے کچھ عرصے کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔
عربی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل ‘المیادین’ کی طرف جاری ایک رپورٹ میں فریڈ مین کے ایک بیان کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ غرب اردن کا اسرائیل سے الحاق زیادہ سے زیادہ ایک سال یا کچھ عرصے کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔
قبل ازیںامریکی سفیر نے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ غرب اردن کے علاقے کو اسرائیل میں شامل کرنے کے معاملے کو حتمی طور پر نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا تھا جب متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے نتیجے میں اسرائیل نے غرب اردن کے علاقوں کا الحاق روک دیا ہے۔