فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے تین فلسطینی ماہی گیروں کی کشتی پر مصری فوج کی طرف سے فائرنگ کے واقعے کے بعد تین ماہی گیروں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع اور ماہی گیر یونین کے مطابق جمعہ کے روز مصری فوج نے وسطی غزہ میں دیر البلح کے قریب سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے تین فلسطینیوں پر فائرنگ کی۔ یہ تینوں حقیقی بھائی ہیں اور ان کا تعلق الزعزوع خاندان کے ساتھ بتایا جاتا ہے۔
ماہی گیر یونین کے ایک عہدیدار زکریا بکر نے بتایا کہ مصری فوج کی فائرنگ کے واقعے کے بعد ماہی گیروں کا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک حالات واضح نہیں ہم سمندری حدود میں کام کرنے والے اداروں اور فلسطین میں سرکاری سطح پر اس حوالے سے جان کاری کی کوشش کر رہے ہیں۔